Wednesday, August 17, 2022

سند غلامی اہل بیت کا نوشتہ

▪️ *سندِ غلامیٔ اہلِ بیت کا نوشتہ* ▪️

 ایک واقعہ بہت زیادہ واعظین اور خطباء دھڑلے سے بیان کرتے ہیں کہ : ایک مرتبہ حسنین کریمین اور فاروق اعظم کے بیٹے بچپن میں ساتھ مل کر کھیل رہے تھے کہ اچانک کسی بات کو لے کر لڑائی ہو جاتی ہے! باتوں ہی باتوں میں امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ نے فاروق اعظم کے شہزادے سے فرمایا کہ "تو میرا غلام اور تیرا باپ میرے نانا کا غلام"- یہ سن کر حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ کے صاحبزادے کو برا لگا اور وہ اس بات کی شکایت کرنے کے لیے اپنے والد کے پاس چلے گئے؛ والد صاحب سے کہا کہ حسنین مجھے ایسا ایسا کہتے ہیں- حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ نے اپنے بیٹے سے فرمایا کہ جاؤ اور ان سے یہ بات لکھوا کر لے آؤ؛ چناں چہ ابن عمر نے حسنین کریمین سے کہا کہ آپ نے جو کہا ہے اسے کاغذ پر لکھ دیجیے- امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ نے وہی بات لکھ بھی دی- جب حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کے ہاتھوں میں وہ کاغذ دیا گیا تو آپ اسے چومنے لگے اور بہت خوش ہوئے؛ پھر اپنے بیٹے سے فرمایا: بیٹا اب مجھے میدان حشر کا کوئی خوف نہیں کیوں کہ مجھے آل رسول نے رسول اللہ کا غلام لکھ دیا ہے- اس چِٹّھی کو میرے کفن میں رکھ دینا تاکہ منکر نکیر مجھ سے سوالات نہ کریں- پھر آپ نے اپنے بیٹے کو نصیحت کرتے ہوئے حسنین کریمین کے فضائل بتائے اور ان کی غلامی کرنے کا حکم دیا- اس واقعہ کی سند و حوالہ مطلوب ھے!!!  

••• *باسمہ تعالی* •••
 *الجواب وبہ التوفیق:*

 یہ واقعہ مختلف الفاظ میں بیان ہوتا رہتا ھے ؛ البتہ اس کی کوئی معتبر سند یا معتبر حوالہ تلاش کے بعد بھی دستیاب نہ ہوسکا ؛ لہذا اسکو بیان کرنے گریز کرنا ضروری ھے ۔
 البتہ یہ واقعہ شیعی کتاب " چودہ ستارے " میں مرقوم ھے؛ لیکن یہ کتاب چونکہ غالی رافضی کی ھے اور خرافات کا مجموعہ ھے , اور نہ وہاں سند مذکور ھے نہ حوالہ ؛ لہذا کہا جایئگا کہ یہ واقعہ محض مشہور ھے اور واعظین کی زباں زد ھے : 

 💎 *چودہ ستارے* 💎

 علمائے اہل سنت کا بیان ھے : کہ ایک دن منزل مفاخرت میں عبد ﷲ بن عمر امام حسن اور امام حسین کے سامنے فخر و افتخار کی باتیں کرنے لگے یہ سن کر امام حسن نے فرمایا: کہ تم تو ہمارے غلام زادے ہو ؛ اتنی بڑھ چڑھ کر کیا باتیں کر رھے ہو؟ اس پر عبد ﷲ بن عمر رنجیدہ ہوکر اپنے باپ کے پاس گئے اور امام حسن نے جو کچھ کہا تہا اسے بیان کیا , یہ سنکر حضرت عمر نے فرمایا: بیٹا! یہ بات ان سے لکھوالو! اور اگر لکھدیں تو میرے کفن میں رکھ دینا! ایک روایت میں ھے کہ انہوں نے لکھ دیا , اور حضرت عمر نے وصیت کردی کہ اسے ان کے کفن میں رکھا جائے؛ کیونکہ محمد و آلِ محمد کی غلامی بخشش کا ذریعہ ھے۔

 • نام کتاب : چودہ ستارے 
• نجم الحسن کراروی 
 • صفحة: 226 
• طبع: امامیہ کتب خانہ,مغل حویلی اندرون، موچی دروازہ،
 لاھور، پاكستان. 

 ❇️ *فتاوی اجملیہ* ❇️

 اس واقعہ کا ناقابلِ قبول ہونا رضاخانی فتوے " فتاوی اجملیہ " میں بھی مذکور ھے: " یہ واقعہ کسی عربی کی معتبر و مستند کتاب میں میری نظر سے نہیں گزرا ؛ تو یقین کیساتھ نہ اسکو صحیح کہا جاسکتا ھے نہ غلط "۔

 ÷ نام کتاب: فتاوي أجملية 
÷ نام مؤلف : مفتي اجمل سنبهلي 
÷ مجلد: 4 
÷ صفحة: 629 
÷ طبع: شبير برادرز، اردو بازار، زبيده سينٹر، لاهور، پاكستان. والله تعالي أعلم 

 ✍🏻... كتبه: *محمد عدنان وقار صديقي*

 17
 اگست، 2022